کوئمبتور 23 فروری (ایس او نیوز) جمعرات کو یہاں کاویری پٹنم کے قریب ایراہلی میں ایک ٹریکٹر اور بس کے درمیان ہوئے تصادم میں تین ماہ کے شیر خوار سمیت پانچ افراد کی موت واقع ہو گئی جبکہ سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔
متاثرین کا تعلق دھرم پوری کے نولاہلی تعلقہ کے ساولور گاؤں سے ہے، وہ ایک ٹریکٹر پر کھیت کے کام کے لیے آندھرا پردیش کے ڈیکوٹا جا رہے تھے، جب ان کی گاڑی ایک پرائیویٹ لگژری بس سے ٹکرا گئی۔
ٹریکٹر میں 12 افراد سوار تھے جن میں ساولور گاؤں کا بچہ بھی شامل تھا جو ایلو ویرا سے ڈوری بنانے کے لیے مزدوری کے طور پر آندھرا پردیش کے ڈیکوٹا گاؤں جا رہا تھا۔ ٹریکٹر یہاں کاویری پٹنم کے قریب ایراہلی کو پار کر رہا تھا، جب شیوکاسی سے بنگلور جانے والی اومنی بس نے ٹریکٹر کو ٹکر مار دی۔
مرنے والوں کی شناخت مونوسامی (50)، ملی (65)، متھو (20)، وسنتی (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مرنے والوں میں شیر خوار بچہ بھی شامل ہے، جس کا نام معلوم نہ ہوسکا، ان سبھی نے موقع پر ہی دم توڑدیا۔
حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو کرشنا گری کے سرکاری میڈیکل کالج کے اسپتال لے جایا گیا ہے جبکہ دیگر کو کاویری پٹنم کے اپ گریڈڈ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں بھیجا گیا ہے۔ کاویری پٹنم پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ چھان بین جاری ہے۔